ہاکی ٹورنامنٹ میں جھگڑا:تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات منظور

کراچی پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر(ریٹائرڈ)خالد سجاد کھوکھر نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے بلوچستان گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں لڑائی جھگڑے کا باعث بننے والے نیشنل بینک اور پنجاب کے کھلاڑیوں پر پابندی کا فیصلہ برقرار رکھا جس کا اطلاق میچ کی تاریخ سے کیا جائے گا۔پنجاب کی نمائندگی کرنے والے اولمپیئن شفقت رسول پر پانچ سالہ اور دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے کپتان محمد حسیب، کاشف شاہ اور کامران ریاض سمیت پنجاب کی ٹیم کے کوچ مجاہد افضل پر دو،دو سالہ پابندی اور ایک،ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا عائد کی گئی ہے ۔ نیشنل بینک کے کپتان اور انٹرنیشنل ہاکی پلیئر عماد شکیل بٹ پر بھی پی ایچ ایف کی جانب سے ڈسپلن کی خلاف ورزی اور ناخوشگوار واقعے میں ملوث ہونے پر ایک سالہ پابندی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے جبکہ سزا پانے والے کھلاڑی اور آفیشلز ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ایونٹس میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے ۔سزا پانے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے پاس چار ہفتے کا وقت ہے جس کے دوران وہ صدر پی ایچ ایف سے اپیل کر سکتے ہیں۔




