فٹنس کے بعد یاسرشاہ کی آئندہ ٹیسٹ سیریز پر نظریں
اسلام آباد : پاکستان کے مایہ ناز لیگ سپنر یاسرشاہ نے فٹنس حاصل کرنے کے بعد آئندہ ٹیسٹ سیریز پر نظریں جما لیں۔
ایک بیان میں یاسر شاہ نے کہا کہ میں پچھلے 3 ماہ سے فٹ نہیں تھا پاکستان کپ میں پرفارمنس واپس آگئی ہے پچھلے 3 ماہ میں اپنی فٹنس پر کام کیا ہے۔ یاسرشاہ نے کہا کہ آئندہ ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کروں گا، انٹرنیشنل ٹیموں کا دورہ پاکستان نوجوان کھلاڑیوں کیلئے بہترین موقع ہے۔
پاک بھارت سیریز سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ہونی چاہیے، ماضی میں 3 ملکی سیریز سے عوام کافی محظوظ ہوتے تھے۔ واضح رہے کہ یکم اپریل کو کپتان یاسر شاہ کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 8 وکٹوں سے ہراکر پاکستان کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔