پاکستان ہر فورم پر جموں و کشمیر کا مسئلہ اٹھاتا رہے گا،صدرمملکت عارف علوی

0 33

اسلام آباد (این این آئی)صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان ہر فورم پر جموں و کشمیر کا مسئلہ اٹھاتا رہے گا، حکومت اور پاکستانی عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادی ملنے تک کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ بدھ کو اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ یہ سخت مشکلات و خوف کے خلاف ہمت اور ظلم کے خلاف امید کی جنگ رہی ہے لیکن ان عوامل کے ذریعے کشمیری عوام ہمیشہ کی طرح مستقل بے رحمی کا شکار رہے اور فخر ہے کہ بھارت ان کو مسخر کرنے میں ناکام رہا۔ان کا کہنا تھا کہ 5 اگست کو اپنی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیوں کے ذریعے بھارت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی براہ راست خلاف ورزی اور کشمیریوں کو مزید بربریت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی، بھارتی بربریت اور ظلم کو دنیا نے مسترد کر دیا اور اب اس کی جمہوریت بین الاقوامی برادری کے سامنے ننگی ہو چکی ہے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر جموں و کشمیر کا مسئلہ اٹھاتا رہے گا، 5 اگست کی بھارتی غیر قانونی کارروائیوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید تقویت بخشی ہے، حکومت اور پاکستانی عوام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.