نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کوپ ۔28 میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اقوام متحدہ کی اٹھائیسویں کانفرنس آف پارٹیز میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے۔ پیر کووزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دوبئی کے المکتوم بین الاقوامی ہوائی اڈے پر متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت برائے گورنمنٹ ڈویلپمنٹ و فیوچر ایہود بنت خلفان الرومی، پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر اور پاکستانی سفارتی عملے نے وزیر اعظم کو رخصت کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی اٹھائیسویں کانفرنس آف پارٹیز میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ وزیر اعظم نے ورلڈ کلائمیٹ ایکشن سمٹ میں بھی شرکت کی اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کا قومی بیانیہ پیش کی۔ وزیر اعظم نے گلوبل اسٹاک ٹیک گول میز مباحثے میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔
کوپ۔ 28 کے موقع پر وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے سری لنکا اور مالدیپ کے صدور ، نیدرلینڈز ، استونیا ، شام کے وزرائے اعظم اور بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے کو چیئر بل گیٹس سے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے کوپ۔ 28 پاکستان پویلین کا دورہ بھی کیا، لیونگ انڈس انیشی ایٹو کے حوالے سے تقریب میں شرکت کی اور زید سسٹین ایبلیٹی پرائز کا ایوارڈ جیتنے والی پاکستانی طالبات سے ملاقات بھی کی۔
کوپ۔ 28 کے دوران وزیر اعظم نے عالمی ذرائع ابلاغ کو دئیے گئے انٹرویوز میں موسمیاتی تبدیلی، ملک کے داخلہ، خارجی معاملات، علاقائی اور عالمی امور پر پاکستان کا مؤقف بھی اجاگر کیا۔ وزیر اعظم دوبئی سے گوادر پہنچیں گے جہاں وہ چین ۔پاکستان دوستی ہسپتال اور سمندری پانی کو صاف کرکے قابل استعمال بنانے کے پلانٹ کا افتتاح کریں گے۔