پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے دوکوچز آسٹریلین کھلاڑیوں اور کو اعلیٰ معیار کی تربیت دینے کےلئے آسٹریلیا میں موجود ہیں، سید سلطان شاہ

0

پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے دوکوچز آسٹریلین کھلاڑیوں اور کوچز کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت کےلئے آسٹریلین بلائنڈ کرکٹ کونسل کی دعوت پر آسٹریلیا پہنچ چکے ہیں جہاں پر وہ آسٹریلیا کے بلائنڈ کھلاڑیوں اور کوچز کو تربیت دے رہے ہیں۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ لمیٹڈ کے صدر سید سلطان شاہ نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ آسٹریلین بلائنڈ کرکٹ کونسل کی دعوت پر قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ محمد جمیل اور سابق کپتان اور کوچ عبدالرزاق آسٹریلیا کے دورے پر گئے ہیں ۔

وہ وہاں پر آسٹریلین بلائنڈ کھلاڑیوں اور کوچز کو کرکٹ کی ٹیکنیکس بالخصوص بی ون کیٹگری کے کھلاڑیوں کو تربیت سے آراستہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلین بلائنڈ کرکٹ کونسل نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سے درخواست کی تھی کہ ان کے بلائنڈ کھلاڑیوں اور کوچز کی تربیت کیلئے پاکستانی کوچز کی خدمات فراہم کی جائیں اور ان کے اخراجات وہ خود برداشت کریں گے۔

آسٹریلیا کی دعوت پر دونوں پاکستانی کوچز 28 نومبر سے 8 دسمبر تک آسٹریلیا میں موجود رہیں گے اور وہ آسٹریلیا کے کھلاڑیوں اور کوچز کو جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے دوران تین روزہ تربیتی کیمپ لگایا گیا تھا جس میں آسٹریلیا کے کثیر تعداد میں کھلاڑیوں اور کوچز نے شرکت کی اور انہیں بلائنڈ کرکٹ کے ٹیکنیکس کے بارے میں آگاہ کیا۔ پاکستانی کوچز سے سیکھنے کیلئے آسٹریلیا کے بلائنڈ کھلاڑی اور کوچز جوق در جوق کیمپ میں آ رہے ہیں اور انہیں بلائنڈ کرکٹ کے حوالے سے تربیت دی جا رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.