تصدیق ہوگئی بشریٰ بی بی اداروں کیخلاف مہم کی ماسٹر مائنڈ ہیں، مریم اورنگزیب
تحریک انصاف کے رہنماؤں فواد چوہدری اور شیریں مزاری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے بشریٰ بی بی کے اداروں کیخلاف مہم کی ماسٹرمائنڈ ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری اورشیریں مزاری نے تسلیم کر لیا کہ لیک آڈیو بشریٰ بی بی کی ہے، اور ثابت ہوگیا گندی زبان والے ترجمانوں سےغیراخلاقی پریس کانفرنس بشریٰ بی بی ہی کروا رہی ہیں۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ بشریٰ بی بی بنی گالہ میں چھپ کر قومی اداروں کیخلاف سوشل میڈیا مہم چلوا رہی ہیں اور سیاسی مخالفین، صحافیوں اور اداروں کے خلاف گالم گلوچ کراتی ہیں۔ پی ٹی آئی نے تسلیم کرلیا کہ اپنی کرپشن چھپانے کیلئےغداری کے پرچے بنوائے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نےتصدیق کردی کہ بشریٰ بی بی تحریک انصاف سوشل میڈیا اورجھوٹے بیانیہ کی سربراہ ہیں، بشری بی بی نے اپنی تاریخی کرپشن چھپانے کے لئے بیرونی سازش اور غداری کا بیانیہ گھڑا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سازش کےجھوٹے بیانیہ کے چیمپئن امریکہ سے معافیاں مانگتے اور منتیں ترلے کرتے پکڑے گئے ہیں۔