وزیر اعظم کا لینڈ سلائیڈنگ سے بند جگلوٹ اسکردو روڈ فوری کھولنے کا حکم
وزیر اعظم شہباز شریف نے جگلوٹ اسکردو روڈ (جے ایس آر) کے بلاک ہونے کا نوٹس لے لیا۔
جگلوٹ اسکردو روڈ گلگت بلتستان کو تیل اور کھانے پینے کی اشیاءکی فراہمی اور آمدورفت کا واحد زمینی راستہ ہے، شدید بارشوں اور پہاڑی تودے گرنے سے گزشتہ دو ہفتوں کے دوران 6 دن شاہراہ بند تھی۔
گلگت بلتستان کے ہوٹلز اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ افراد نے وزیر اعظم سے شاہراہ کی طویل بندش پر نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیراعظم نے علاقے کے کاروباری افراد ، مقامی آبادی اور سیاحوں کو درپیش مشکلات فوری دور کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے جگلوٹ اسکردو روڈ(جے ایس آر) کے بلاک ہونے کا نوٹس لیتےہوئے لینڈسلائیڈنگ سے تورمک کے مقام پر بند شاہراہ فوری کھولنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے ڈی جی فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عیدالالضحیٰ کی وجہ سے لوگوں نے اپنے گھروں کو بھی لوٹنا ہے، اس لئے کام کی رفتار تیز کی جائے، اضافی مشینری اور افرادی قوت استعمال کرکے راستہ جلد کھولا جائے۔
وزیراعظم نے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی دیکھ بھال اور اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے فوری انتظامات کی بھی ہدایت کی۔