ریاض الجنۃ میں نماز کا دورانیہ 7 منٹ مقرر
سعودی عرب میں انتظامیہ نے زیادہ سے زیادہ افراد کو روضہ رسولؐ (ریاض الجنۃ) میں نماز کا موقع فراہم کرنے کے لیے نماز کا دورانیہ 7 منٹ کا مقرر کردیا۔
زائرین کی گروپ بندی کرنے والے ادارے کے انچارج یاسر المزینی نے بتایا کہ مسجد نبوی میں ہر روز 11 ہزار 520 زائرین کو روضہ شریف میں نماز کا موقع دیا جا رہا ہے، ایک گروپ 650 افراد پر مشتمل ہوتا ہے اور سات منٹ سے زیادہ کسی گروپ کو نہیں دیے جاتے۔
منتظمین صرف ان عازمین کو گروپوں میں شامل کرتے ہیں جن کے پاس پرمٹ ہوتا ہے، بارکوڈ چیک کرکے جانے کی اجازت دی جاتی ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زیارت کیلئے مختلف اوقات مقرر ہیں، رات 12:30 بجے سے فجر کی اذان سے پہلے تک، دوسرا دورانیہ صبح 11:30 شروع ہوتا ہے اور اس کا سلسلہ سہ پہر 3:30 تک جاری رہتا ہے۔
تیسرا دورانیہ شام 4:30 سے مغرب کی اذان سے قبل 7:00 بجے تک جبکہ چوتھا اور آخری دورانیہ مغرب بعد 7:30 بجے سے رات 8:30 بجے تک رکھا گیا ہے۔