میونسپل کارپوریشن استا محمد کے مئیر میر مظفر خان جمالی نے میونسپل کارپوریشن کے ترقیاتی فنڈ سے جاری مختلف منصوبوں کا معائنہ کیا
استامحمد14 جولائی 2025:میونسپل کارپوریشن استا محمد کے مئیر میر مظفر خان جمالی نے میونسپل کارپوریشن کے ترقیاتی فنڈ سے جاری مختلف منصوبوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر جنرل کونسلر ڈاکٹر عطاء اللہ جمالی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ترقیاتی کاموں میں منظور احمد جمالی گلی میں سیوریج لائن بچھانے، ٹف ٹائل لگانے اور سولر لائٹس کی تنصیب کا منصوبہ شامل ہے جو تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ معائنہ کے دوران مئیر میر مظفر خان جمالی نے کہا کہ شہر کے ہر وارڈ اور گلی میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا مستقل بنیادوں پر حل ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی بہتری اور عوامی خدمت ہی ان کی اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ اس موقع پر سابقہ کونسلر حبیب اللہ جمالی نے مئیر میونسپل کارپوریشن اور جنرل کونسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے محلے کی حالت بہتر ہوگی، گلیوں میں صفائی ستھرائی کے ساتھ روشنی کا نظام بھی بہتر ہوگا جس سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی اور ماحول خوشگوار ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ میونسپل کارپوریشن اسی جذبے کے تحت دیگر علاقوں میں بھی ترقیاتی کام مکمل کرے گی تاکہ اوستا محمد شہر کو خوبصورت اور ترقی یافتہ بنایا جا سکے۔
