تمام صوبوں میں ایک ساتھ کورونا ویکسی نیشن کا آغاز احسن اقدام: شبلی فراز
اسلام آباد : شبلی فراز نے کہا ہے کہ تمام صوبوں میں ایک ساتھ کورونا ویکسی نیشن کا آغاز احسن اقدام ہے، تمام وفاقی اکائیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا، عوام کی صحت اور روزگار کا تحفظ نئے پاکستان میں اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے لاہور میں میو ہسپتال، سروسز، جنرل، میاں میر ہسپتال سمیت 20 سے زائد سنٹرز بنائے گئے ہیں۔ میو ہسپتال میں 6 ہزار ہیلتھ ورکرز کو کورونا ویکسین لگے گی۔
کراچی میں ویکسین کی 83 ہزار سے زائد خوراکیں نجی ائیر لائن کے ذریعے پہنچائی گئیں، جنہیں پولیس اور رینجرز کی سیکورٹی میں کولڈ سٹوریج منتقل کیا گیا۔ نیو کراچی چلڈرن ہسپتال میں ویکسی نیشن کیلئے موک ایکسرسائز بھی کی گئی۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان میں 44 ویکسی نیشن سنٹرز تجویز کئے گئے ہیں، بلوچستان کو 10 ہزار ویکسین فراہم کی گئی ہے۔ خیبرپختونخوا میں بھی کورونا سے لڑنے والے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو ویکسی نیشن دی جائے گی۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں کورونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا۔ پرائم منسٹر ہاؤس میں ایک ڈاکٹر کو پہلی ویکسین لگائی گئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ دوست ملک چین کے مشکور ہیں، تمام صوبوں میں ویکسین منصفانہ طور پر تقسیم ہوگی۔