
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پشاور قصہ خوانی کی جامع مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یکجا ہے۔دہشت گرد امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہونگے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی سے ملک دشمن قوتیں خائف ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ چیئرمین سینیٹ نے دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونیو الے افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے شہدا کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ محمد صادق سنجرانی نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کرنے کیلئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی، سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے بھی پشاور قصہ خوانی کی جامع مسجد میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔




