
انقرہ: ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اوغلو نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ترک حکومت کی طرف سے اس ضمن میں ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔ تفصیلات کے مطابق ای سی او کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس کے موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے خارجہ عندلیب عباس نے ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اوغلو سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور ترکی کے مابین دو طرفہ تجارتی تعاون کے حوالے سے خصوصی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ترک وزیر خارجہ نے پاکستان اور ترکی کے مابین ترجیحی تجارتی معاہدے کے حوالے سے مذاکرات شروع کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا،فریقین نے اسلام کے خلاف نفرت آمیز رویے کی بیخ کنی اور اسلام کے تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے پاکستان، ملائشیا اور ترکی کے اشتراک سے نئے اعلان کردہ ٹی وی چینل کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانے پر اتفاق کیا ، ترک وزیر خارجہ میولود چاوش اوغلو نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ترک حکومت کی طرف سے اس ضمن میں ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔




