رواں سال7 لاکھ بچوں کوآئی ٹی تربیت فراہم کریں گے، شیزا فاطمہ خواجہ کاتقریب سے خطاب
لاہور۔17جنوری :وفاقی وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شیزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں عوام کو جدید ترین ٹیکنالوجی تک رسائی اولین ترجیح ہے، حکومتی مثبت پالیسیوں کی بدولت آئی ٹی سیکٹر کو فروغ حاصل ہوا،نوجوان قیمتی قومی اثاثہ ہیں،رواں سال7 لاکھ سے زائد بچوں کوآئی ٹی کی تربیت فراہم کریں گے،معرکہ حق میں فتح سے ہم نے دنیا میں سائبر سکیورٹی کا لوہا منوایا،ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہو چکی ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ایکسپو سنٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان قیمتی اثاثہ ہیں، ہمارے15 کروڑ بچے اور بچیاں یوتھ ایج گروپ میں آتے ہیں،نوجوانوں کیلئے روز گار اور ترقی کے مواقعوں میں مزید اضافہ کے لیے لاکھوں نوجوانوں کو فری تربیت دی گئی ہے،گزشتہ دو سال میں ہم نے تقریبا تین لاکھ بچوں کو ٹرینگ دی،رواں سال ہم ساڑھے سات لاکھ بچوں کو ٹرینگ دیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے پاکستان کو ایک برینڈ بنانا ہے،جس کے لیے بھرپور کوشش کرنا ہو گی،پاکستان میں آئی ٹی کی مصنوعات کی بر آمدات کو بڑھانا ہے، براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ویژن کے تحت نالج بیسڈ اکانومی کی ترقی کیلئے اقدامات کررہے ہیں، شعبہ آئی ٹی دیگر شعبوں کی ترقی کا باعث بنا اورحکومت آئی ٹی کے شعبے کے لئے بھر پور اقدامات کررہی ہے،عوام کو جدید ترین ٹیکنالوجی تک رسائی اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کا ر لائے جا رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جامع اور پائیدار بنیادوں پر معاشی ترقی اولین ترجیح ہے، ایک وقت تھا جب لوگ سمجھ رہے تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا،لیکن وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں ہماری حکومت نے دو سال میں نہ صرف ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا بلکہ معیشت کو درست سمت میں گامزن کیا،اب سیاسی و معاشی حالات بہتر اور ملک استحکام کی طرف بڑھ رہا ہے، آئی ٹی کے شعبہ میں تیزی سے گروتھ ہوئی اور بیرونی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔شیزا فاطمہ نے کہا کہ معرکہ حق ہم نے جیتا اوردنیا نے دیکھا کہ ہم نے کامیابی حاصل کی،وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کی فتح میں سائبر سکیورٹی کے ذریعے سارا کام کیا گیا،ہم نے ساری بیک اپ تیاری کر رکھی تھی،ہمارے آئی ٹی ماہرین اور نوجوانوں نے کہا کہ آپ نے پریشان نہیں ہونا، ہم ضرور فتح یاب ہوں گے پھر انہوں نے کر دکھایا،جنگ جیتنے کے بعد ہم نے اپنی کامیاب سائبر سکیورٹی کا بھی لوہا دنیا میں منوایا۔انہوں نے کہا کہ ای کامرس کا فروغ وقت کی ضرورت ہے،ہم نے آسان خدمت سروس سنٹر لانچ کیا،وفاقی حکومت ای کامرس پرمنتقل ہو چکی ہے جبکہ آنے والے دنوں میں آئی ٹی کو مزید فروغ حاصل ہو گا
Comments are closed.