اولیاء اللہ کی تعلیمات اور عرس کی تقریبات
سبی (عباس چشتی) پیر سید صابر حسین شاہ کاظمی نے کہا کہ اولیاء اللہ نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی سربلندی، انسانیت کی خدمت اور اخلاقِ حسنہ کے فروغ کے لیے وقف کی۔ ان بزرگ ہستیوں کا کردار صبر، تقویٰ، اخلاص اور محبتِ رسول ﷺ کا عملی نمونہ تھا، جس کی بدولت معاشرے میں اصلاح اور روحانیت کو فروغ ملا اولیاء کرام نے رنگ و نسل، ذات پات اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر انسانیت کو ایک لڑی میں پرویا اور امن، بھائی چارے، رواداری اور برداشت کا پیغام عام کیا۔
ان کی تعلیمات آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور معاشرتی بگاڑ، نفرت اور انتشار کے خاتمے کے لیے ان پر عمل پیرا ہونا بے حد ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ المشائخ حضرت بابا حاجی محمد حنبلؒ کا 101واں سالانہ عرس مبارک کے اختتام پر نماز جمعہ سے قبل خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر مریدین عقیدت مندوں کی بڑی تعداد موجود تھی پیر سید صابر حسین شاہ کاظمی نے کہا کہ اولیاء کرام کی تعلیمات ہمیں صبر، تحمل اور باہمی احترام کا درس دیتی ہیں۔ اگر ہم ان تعلیمات کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا لیں تو نہ صرف معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے بلکہ دینی اور اخلاقی اقدار بھی مضبوط ہوں گی۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اولیاء اللہ کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ملک و قوم کو امن و خوشحالی نصیب فرمائے نماز جمعہ کہ ادائیگی کے بعد پیر سید صابر حسین شاہ کاظمی نے رقت آمیز اجتماعی دعا کی دعا میں ملک پاکستان کی سلامتی، استحکام، خوشحالی، امن و امان اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی طور پر دعائیں مانگی گئیں
واضح رہے کہ سالانہ عرس کی تقریبات سات روز تک پیر سید صابر حسین شاہ کاظمی کی زیر نگرانی جاری رہیں۔ عرس کے دوران قرآن خوانی، نعت خوانی اور ذکر و اذکار کی محافل کا روزانہ کی بنیاد پر اہتمام کیا جاتا رہا، جن میں عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ دربار پر دن رات حاضری دینے والوں کا تانتا بندھا رہا اور زائرین نے حضرت بابا حاجی محمد حنبلؒ کے مزار پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی عرس کی اختتامی تقریب کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے دربار اور اطراف کے علاقوں میں اضافی نفری تعینات رہی جبکہ داخلی و خارجی راستوں پر کڑی نگرانی کی گئی۔ انتظامات پر زائرین نے اطمینان کا اظہار کیا عرس کے اختتام پر شرکاء نے انتظامیہ اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس روحانی اجتماع کو قبول فرمائے اور ملک و قوم کو امن و خوشحالی نصیب ہو۔
Comments are closed.