بین الاقوامی

سعودی عرب انسانی امداد میں پیش پیش رہا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل

سعودی عرب انسانی امداد میں پیش پیش رہا ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرلریاض۔12دسمبر  :اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہےکہ سعودی عرب انسانی امداد میں ہمیشہ پیش پیش رہا ہے خاص طور پر ان مشکل حالات میں جن سے ہم گزر رہے ہیں، مملکت امداد کے حوالے سے اپنے عزم پر قائم ہے۔ اردو نیوز کے مطابق یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سعودی عرب کے دورے کے دوران کہی۔

انہوں نے سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ سلمان امدادی مرکز سخاوت، لگن اور خدمات و کارکردگی کے حوالے سے ایک روشن مثال ہے جو یمن، صومالیہ، شام اور دیگر کئی ممالک کے متاثرین کی بروقت امداد کےلئے ہمیشہ پیش پیش ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے ایوان شاہی کے مشیر اور شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے نگران اعلی ڈاکٹرعبداللہ الربیعہ سے ریاض میں ملاقات کی اور سعودی امدادی ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ دورے کے دوران غیرمعمولی انسانی امدادی کاموں کی عملی تفصیلات سے آگاہی ہوئی جو سعودی عرب کی مثالی کاوش کی عکاس ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جب وہ ہائی کمشنر برائے پناہ گزین تھے اس وقت شاہ سلمان مرکز کا مشاہدہ کیا تھا ، اس وقت سے شاہ سلمان مرکز اور اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے اداروں کے درمیان سٹریٹجک تعاون ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو شاہ سلمان مرکز کے منصوبوں سے آگاہ کیا گیا جس کے تحت 109 ممالک میں 8 ارب ڈالر کے 3881 منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن میں صنعتی منصوبے، یمن میں بارودی سرنگیں کو ناکارہ بنانے کا منصوبہ ’’مسام‘‘کے علاوہ باہم جڑے ہوئے بچوں کو الگ کرنے کا طبی پروگرام شامل ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے شاہ سلمان مرکز میں مستقل بنیادوں پر موجود نمائش کا بھی مشاہدہ کیا جس کے ذریعے انہیں ان تمام امور کا باریک بینی سے مشاہدہ کرنے کا موقع بھی ملا جو شاہ سلمان مرکز کی جانب سے دنیا بھر کے لوگوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کئے جاتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button