اسلام آباد پولیس کی ڈرائیونگ لائسنس مہم کامیاب، آئی جی اسلام آباد کا افسران کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد
(عسکر انٹرنیشنل رپورٹ)
اسلام آباد (نامہ نگار): انسپکٹر جنرل اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایت پر ٹریفک پولیس کی جانب سے ڈرائیونگ لائسنس مہم کامیابی سے مکمل کرلی گئی۔
اس مہم کے کامیاب انعقاد کے بعد آئی جی اسلام آباد نے سینئر افسران، فرینڈز آف پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں ڈی آئی جی ٹریفک، سی ٹی او، ٹریفک افسران، والنٹیئرز اور منسٹریل اسٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے مہم کو کامیاب بنانے پر افسران اور اہلکاروں کی کارکردگی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت، قانون کی پاسداری اور ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کے فروغ کے لیے شاندار کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسی مثبت مہمات سے نہ صرف عوام میں قانون کی آگاہی بڑھتی ہے بلکہ شہریوں اور پولیس کے درمیان اعتماد کے رشتے کو بھی تقویت ملتی ہے۔
آئی جی اسلام آباد کے مطابق پولیس کے افسران اور اہلکاروں نے شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی، تعاون اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا جو پولیس فورس کے لیے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ مستقبل میں بھی شہریوں کی سہولت کے منصوبے اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے جائیں تاکہ عوامی اعتماد مزید مستحکم ہو۔
انہوں نے کہا کہ “اسلام آباد پولیس کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ پر مکمل یقین رکھتی ہے، کیونکہ یہی عوامی شراکت داری امن و قانون کے قیام کی بنیاد ہے۔”
Comments are closed.