بی این پی رہنما ماما خدابخش بنگلزئی پر حملہ قابلِ مذمت، قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری کارروائی کریں: میر شوکت جان بنگلزئی

3

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
نصیرآباد
بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) نصیرآباد کے صدر ماما خدابخش بنگلزئی پر ربیع کینال چھتر کے علاقے میں ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے معروف سیاسی و قبائلی رہنما میر شوکت جان بنگلزئی نے کہا ہے کہ یہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ کارروائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ماما خدابخش بنگلزئی محفوظ رہے، جو ایک پرامن، سیاسی اور سماجی شخصیت ہیں اور ہمیشہ علاقے میں امن، بھائی چارے اور یکجہتی کے فروغ کے لیے سرگرم رہے ہیں۔

میر شوکت جان بنگلزئی نے اس حملے کو علاقے میں بدامنی پھیلانے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کا مقصد بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنا ہے۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کر کے قرارِ واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ اس نوعیت کے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔

انہوں نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں تاکہ اصل حقائق منظرِ عام پر آئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بی این پی کے کارکنان عوامی خدمت اور امن کے قیام کے مشن پر کاربند ہیں اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

Comments are closed.