سی پیک فیز ٹو کا آغاز: چین اور پاکستان کے درمیان 11 تعلیمی و زرعی معاہدوں پر دستخط

19

خصوصی رپورٹ
بیجنگ، 5 اکتوبر : چین اور پاکستان نے جدید زرعی ٹیکنالوجی اور صنعت-تعلیم کے اشتراک کو فروغ دینے کے لیے 11 اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جو سی پیک فیز ٹو کے آغاز کی علامت ہیں۔

یہ معاہدے چائنا-پاکستان کانفرنس برائے جدید زرعی و صنعتی تعاون کے دوران طے پائے، جن میں صوبہ شینڈونگ کے اعلیٰ حکام اور پاکستانی وفد نے شرکت کی۔ وفد کی قیادت سائنس کونسلر محمد خان، سیکریٹری نادر چھٹہ اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے کی، گوادر پرو نے اتوار کو رپورٹ کیا۔

ان معاہدوں میں زرعی اختراعات، ڈیجیٹل تعلیم اور فنی تربیت کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

اہم منصوبوں میں زرعی ٹیکنالوجی کی منتقلی کے لیے فور پارٹی اوورسیز ٹریننگ بیس، فوڈ سیفٹی اور انسپیکشن کا سینٹر آف ایکسی لینس، اور اوئیسس سٹیلہ ورکشاپ پراجیکٹ شامل ہیں جو دودھ اور بھینسوں کی صنعت کو ترقی دینے میں مددگار ہوں گے۔

ویفانگ انجینئرنگ ووکیشنل کالج نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اور ایم این ایس یونیورسٹی آف ایگریکلچر ملتان کے ساتھ تعاون کے معاہدے کیے، جبکہ آئی ٹی ایم سی اور یو این آئی سروسز کے ساتھ سہ فریقی معاہدے ڈیجیٹل تعلیم اور ایگری-ٹیک کے انضمام پر مرکوز ہیں۔

یو این آئی سروسز کے سی ای او میکس ما نے کہا کہ یہ معاہدے پاکستان-چین تعلیمی تعاون میں “انقلابی قدم” ہیں، جبکہ آئی ٹی ایم سی کے منیجنگ ڈائریکٹر وانگ پینگ کے مطابق یہ معاہدے چین کے جدید فنی ماڈلز کو پاکستان منتقل کریں گے۔

چینی حکام کے مطابق، یہ معاہدے سی پیک کے دوسرے مرحلے کی ترجیحات کے عین مطابق ہیں اور زرعی جدیدیت و انسانی وسائل کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوں گے

Comments are closed.