بلوچستان بورڈ انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان، کامیابی کا تناسب 90.3 فیصد

کوئٹہ، 09 ستمبر 2025: بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ چئیرمین بلوچستان بورڈ محمد اسحاق کے مطابق امتحان میں صوبے بھر سے ایک لاکھ 1 ہزار 193 امیدواروں نے حصہ لیا، جن میں 91 ہزار 4 سو امیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 90.3 فیصد رہا۔
فرسٹ ایئر میں 46,737 امیدوار شریک ہوئے، جن میں سے 86.4 فیصد کامیاب ہوئے۔ سیکنڈ ایئر میں 54,456 طلباء نے امتحان دیا اور 51,037 امیدوار کامیاب ہوئے، جس کے نتیجے میں کامیابی کا تناسب 93.7 فیصد رہا۔
سالانہ پوزیشنز کے حوالے سے، گورنمنٹ انٹر کالج ہرمزئی کے طالب علم سید عبدالمتین نے 1051 نمبر لیکر صوبے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ گورنمنٹ انٹر کالج پیرعلی زئی کے طالب علم سید اسرار احمد 1050 نمبر کے ساتھ دوسری پوزیشن کے حقدار قرار پائے، جبکہ تعمیر نو گرلز کالج کی طالبہ بی بی صفیہ نے 1049 نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
چئیرمین بلوچستان بورڈ محمد اسحاق نے طلباء کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج طلباء کی محنت اور استادوں کی رہنمائی کا مظہر ہیں اور انہیں مستقبل میں اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ شعبوں میں نمایاں کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا چاہیے۔


