*صوبائی وزراء کا زخمیوں کی عیادت کے لیے پروِنشل ہیڈکوارٹر ہسپتال اور شہید سیف الرحمان ہسپتال کا دورہ،قربانیوں کو سلام، فرض شناسی کو خراجِ تحسین*
گلگت۔
صوبائی وزیر داخلہ شمس الحق لون اور وزیر اطلاعات ایمان شاہ نے پروِنشل ہیڈکوارٹر ہسپتال،اور شہید سیف الرحمان ہسپتال میں زیر علاج چھموگڑھ واقعے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی، اور ان کی جرات مندی، پیشہ ورانہ فرض شناسی اور عوام کے تحفظ کے لیے پیش کی جانے والی قربانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ان کے ہمراہ وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حاجی رحمت خالق بھی تھے،اس موقع پر وزراء نے کہا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان ہمارا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں قوم کے حافظے میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔وزیر داخلہ شمس الحق لون نے کہا کہ ریاست اپنے ہر سپاہی کے ساتھ کھڑی ہے۔ یہ ہمارے وہ محافظ ہیں جو عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہیں۔ ہم ان کی قربانیوں کو ضائع نہیں جانے دیں گے۔اس موقع پر وزیر اطلاعات ایمان شاہ نے مزید کہا صوبائی حکومت کی جانب سے زخمی اہلکار کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور مستقبل میں بھی ایسے تمام جوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے تحفظ کے لیے خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔
##



