مشیر ثقافت عبد الخالق ہزارہ نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر بلوچستان ، ملک اور دنیا بھر میں بسنے والے بلوچوں کو مبارکباد

مشیر ثقافت عبد الخالق ہزارہ نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر بلوچستان ، ملک اور دنیا بھر میں بسنے والے بلوچوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے ایک تہنیتی پیغام میں کہا کہ اپنی ثقافت، روایات وتہذیب کو زندہ رکھ کر اور انہیں اجاگر کرکے ہی قومیں اپنی شناخت وتشخص برقرار رکھ سکتی ہیں. انہوں نے کہا ہے کہ ثقافت کسی بھی قوم کی پہچان ہوتی ہے جبکہ بلوچ قوم عظیم اور قدیم ثقافت وروایات کی امین ہے، بلوچ کلچر ڈے امن ومحبت اور قومی یکجہتی کا پیغام دیتا ہے اس دن کو منانے کا مقصد بلوچی روایات کو اجاگر کرنا ہے اور ان روایات کو نئی نسل اور نئے دور کے لوگوں میں ابھارنا ہے. صوبائی مشیر کا کہنا تھا کہ ثقافت زندہ قوموں میں زندہ رہتی ہے اس کے ساتھ ساتھ جدید دور کا تقاضہ ہے کہ قومیں سائنسی تعلیم پر بھی توجہ مبذول رکھیں. انہوں نے کہا کہ بلوچستان ایک گلدستہ کی مانند ہے جس میں مختلف اقوام کے خوبصورت رنگ موجود ہیں جو امن، محبت،یکجہتی اور بھائی چارگی کو فروغ دیتے ہیں. صوبائی مشیر کا مزید کہنا تھا کہ اس دن کی مناسبت سے ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم اپنی ثقافت، تہذیب، زبان اوراپنی دیرینہ روایات کے تحفط کو ہر صورت یقینی بنائیں گے جو ہمارے تشخص کی ضمانت ہیں.



