ترکی کا کسٹم ایجنٹ ایران کی سرحد کے نزدیک راکٹ حملے میں ہلاک
انقرہ (این این آئی)ترکی کے محکمہ کسٹم کا ایک ایجنٹ ایران کی سرحد کے نزدیک علاقے میں ایک بس پر راکٹ حملے میں ہلاک ہوگیا ہے۔اس واقعہ کے بعد ترکی کی سکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اطلاع دی کہ کسٹم کے اہلکاروں کو لے جانے والی بس پر حملہ کیا گیا ۔انھوں نے لکھا کہ دہشت گردوں کا پیچھا کیا گیا ہے اور ان کا گھیراؤ کر لیا گیا ہے لیکن انھوں نے یہ وضاحت نہیں کی ہے کہ یہ حملہ آور کون تھے۔ترکی کے وزیر تجارت روشرپیک جان نے اس راکٹ حملے میں کسٹمز کے ایک ایجنٹ کی ہلاکت کی تصدیق کی اور کہا کہ حملے میں متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ،ان میں چار کی حالت تشویش ناک ہے۔ترکی کے صوبہ اگری کے گورنر کے دفتر نے یہ اطلاع دی کہ کسٹمز کی بس کو دوگوبایزید کے علاقے سے غوربلک کے سرحدی گیٹ کی جانب سفر کے دوران میں نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد یہ سڑک سے اتر کر الٹ گئی تھی لیکن اس دفتر نے بھی حملہ آوروں کی شناخت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی ۔ترک حکام نے اس واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایران کی سرحد کے نزدیک واقع علاقے کی جانب ایمبولینس گاڑیوں ، سکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیموں کو روانہ کردیا تھا۔ترکی کے بعض میڈیا ذرائع نے یہ اطلاع دی ہے کہ کالعدم کردستان ورکرز پارٹی ( پی کے کے) کے جنگجوؤں نے یہ حملہ کیا ۔کرد باغیوں کی یہ جماعت ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں یہ زیادہ فعال ہے لیکن صوبہ اگری میں یہ اتنی متحرک نہیں ہے۔