ہمارےلیے ریڈلائن کوئی شخصیت نہیں ہمارا دین ہے،علامہ طاہراشرفی
چيئرمين پاكستان علماء کونسل علامہ طاہراشرفی کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے ریڈ لائن کوئی شخصیت نہیں ہمارا دین ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران علامہ طاہراشرفی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کےلیے افواج پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ عمران خان کے الزامات کی وجہ سے دشمن قوتیں خوش ہورہی ہیں۔
علامہ طاہراشرفی کا کہنا تھا کہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان کی مضبوطی ہے، رات کی تاریکی میں بڑا بھائی، بہت اچھے، دن کے اجالے میں جانور کہا جاتاہے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند دنوں کے دوران اداروں کو نشانہ بنایا گیا، ملک میں عدالتیں اور نظام موجود ہے،آپ عدالت میں جاتے، بند کمروں میں معافی تلافی اور صبح گالیاں یہ اچھی بات نہیں۔
چيئرمين پاكستان علماء کونسل کا کہنا تھا کہ جس کا دل چاہتا ہے اسٹیج پر چڑھ کر کسی کا نام لے لیتا ہے، جن کاموں سے ہندوستان خوش ہو آپ وہی کام کر رہے ہیں۔
طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ ارشد شریف مرحوم کی موت پر بھی سیاست ہو رہی ہے، ارشد شریف کا قتل بھی اداروں کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ ریاستی اداروں کے خلاف بات کرنا بند کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے 2013ء میں بھی لانگ مارچ کی مخالفت کی تھی، مولانا فضل الرحمن اور بلاول کے مارچ کی بھی مخالفت کی تھی، ایوان میں آئیں اور بات کریں،آپ کی حکومت اپنے وزن سے گری، گالیاں چھوڑیں، میز پر بیٹھیں اور بات کریں۔