نواسی بغیر شادی بچہ پیدا کرلے مجھے مسئلہ نہیں، جیا بچن

0 13

بالی وڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن نے کہا ہے کہ اگر انکی نواسی ناویا شادی کیے بغیر بھی بچہ پیدا کریں تو انہیں کوئی مسئلہ نہیں۔

اپنی نواسی ناویا نویلی نندا کے پوڈ کاسٹ شو ”واٹ دا ہیل ناویا“ میں انہوں نے کئی انکشافات کیے اور اپنی شادی کیلئے امیتابھ بچن کی جانب سے رکھی گئیں شرائط کے بارے میں بھی بتایا۔

یہ پوڈ کاسٹ تین نسلوں کی نمائندگی کرتا ہے جس میں جیا بچن، انکی بیٹی شویتا بچن اور نواسی ناویا مختلف موضوعات پر گفتگو کرتی ہیں۔

شادی کیلئے امیتابھ بچن کی شرائط

جیا بچن نے پوڈ کاسٹ میں بتایا کہ امیتابھ بچن نے مجھ سے کہا تھا کہ وہ شادی کے بعد کام جاری رکھ سکتی ہیں لیکن ہر روز نہیں کیونکہ وہ ایسی بیوی نہیں چاہتے جو 9 سے 5 کام کرنے والی بن جائے، اسکے ساتھ ہی انہوں نے مجھے صحیح لوگوں کیساتھ اور اچھے پروجیکٹس میں کام کا کہا۔

رشتے کو دیرپا بنانے کیلئے ذہنی ہم آہنگی اور جسمانی کشش اہم

پوڈ کاسٹ شو میں جیا بچن نے کہا رشتے کو دیرپا بنانے کیلئے ذہنی ہم آہنگی اور جسمانی کشش بہت اہم ہوتی ہے، میرے خیال میں آپ کو اپنے بہترین دوست سے شادی کرنی چاہیے، آپ کا کوئی ایسا دوست ہونا چاہیے جس سے آپ اس بارے میں بات کرسکیں اور کہہ سکیں کہ میں آپ کو پسند کرتی ہوں اور آپ کے بچے کی ماں بننا چاہتی ہوں تو آئیے ہم شادی کرلیں کیونکہ معاشرہ یہی کہتا ہے۔

آپ کو اپنے بہترین دوست سے شادی کرنی چاہیے

جیا بچن بولیں کہ انہیں اس بات پر کوئی مسئلہ نہیں اگر (ناویا) بغیر شادی کے بھی بچہ پیدا کرلیں۔ ہم اپنے زمانے میں ایسا سوچ بھی نہیں سکتے تھے اور آج بھی شاید لوگوں کو یہ بات قابل اعتراض لگتی ہو، آج کی جنریشن ایسا کرکے خود کو قصوروار سمجھنے لگتی ہے لیکن میری نظر میں انکا ایسا سمجھنا غلط ہے۔

امیتابھ بچن اور جیا بچن اگلے برس شادی کی 50 ویں سالگرہ منائیں گے

واضح رہے کہ بالی ووڈ کی آئیکونک جوڑی امیتابھ بچن اور جیا بچن اگلے سال اپنی شادی کی 50 ویں سالگرہ منائیں گے، امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی 3 جون 1973 میں ہوئی تھی اور شادی کے بعد بھی اِس جوڑی نے بہت سی فلموں میں ایک ساتھ کام کیا۔

جیا بچن اور امیتابھ کی آنے والی فلمیں

جیا بچن اپنی اگلی فلم راکی ​​اور رانی کی پریم کہانی میں نظر آئیں گی جو 2023 میں ریلیز ہوگی، فلم کے ہدایت کار کرن جوہر ہیں جبکہ رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ، دھرمیندر اور شبانہ اعظمی نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، جبکہ امیتابھ بچن کی اگلی فلم اونچائی 11 نومبر کو ریلیز کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.