ملاوٹی دودھ کے خلاف فیصلہ کن اقدام: بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی ملک ٹیسٹنگ مہم شروع

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 09 ستمبر 2025: بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے عوامی صحت کے تحفظ اور خالص غذائی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے خصوصی ملک ٹیسٹنگ مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ مہم 10 ستمبر سے 30 ستمبر 2025 تک جاری رہے گی۔
مہم کے دوران کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں، گلیوں اور محلوں میں دودھ کے نمونے چیک کیے جائیں گے تاکہ ہر طرح کی ملاوٹ کو بے نقاب کیا جا سکے۔ عوام کو یہ سہولت بھی فراہم کی گئی ہے کہ وہ اپنے گھروں یا مارکیٹ سے لایا گیا دودھ بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی موبائل لیبارٹریوں میں بالکل مفت ٹیسٹ کروا سکیں۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی، وقار خورشید عالم نے کہا کہ یہ مہم عوام کی صحت کے تحفظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے سفر میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فوڈ اتھارٹی کا مقصد صرف کارروائی نہیں بلکہ ملاوٹ کے خاتمے کے لیے ایک پائیدار نظام قائم کرنا ہے تاکہ آئندہ نسلیں بھی خالص دودھ سے مستفید ہو سکیں۔
وقار خورشید عالم نے مزید کہا کہ اتھارٹی کی آپریشن ٹیمیں دن رات عوام کے ساتھ کھڑی ہیں، اور خالص دودھ عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مہم میں بھرپور حصہ لیں، موبائل لیبارٹریز سے استفادہ کریں اور ملاوٹ کے خلاف فوڈ اتھارٹی کا ساتھ دیں۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ آج سے شروع ہونے والی مہم محض آغاز ہے، اصل کامیابی تب ہوگی جب ملک میں ملاوٹ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔




