مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر حکومت نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہے‘ فرح عظیم شاہ
کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ مون سون کی ممکنہ بارشوں کے پیش نظر صوبے بھر میں کسی بھی مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لیےوزیراعلی میرعبدالقدوس بزنجو کی ہدایات پر پی ڈی ایم اے اور دیگر محکموں نے اپنی تیاریاں مکمل کرلیں ہیں، کسی بھی ناگہانی آفات میں ہنگامی حالات میں شہریوں کو ریسکیو کرنے کے لیے پی ڈی ایم اے کے اہلکاروں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے پی ڈی ایم اے بلوچستان کے ریسکیو عملے کی پنجاب کے 1122سے باضابطہ ٹریننگ کروائی جائیگی۔ بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ وزیراعلی میر عبدالقدوس بزنجو نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی ہے کہ جولائی میں مون سون کی ممکنہ بارشوں کے دوران عوام کو کسی بھی نقصانات سے بچنے کے لیے پہلے سے حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں اور ندی نالوں کو صاف کرکے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائیں،انھوں نے کہا کہ مون سون بارشوں سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پی ڈی ایم اے میں سینڑل کنڑول روم قائم کردیاگیا ہے جوکہ 24گھنٹے اور 7دن فعال اور متحرک رہے گا۔ فرح عظیم شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے بروقت پیشگی اقدامات کی وجہ سے پری مون سون بارشوں میں عوام الناس کو تکالیف کا سامنا نہیں کرنا پڑا.انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کے ریسکیو عملے کی پنجاب کے 1122اور پی ڈی ایم اے میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیےٹریننگ کے متعلق پنجاب حکومت سے متعلقہ حکام کی ملاقاتیں ہوئی ہے اور ریسکیو عملے کی مکمل ٹریننگ سے دونوں صوبوں کے تعلقات میں مزید بہتری آئیگی۔ بلوچستان حکومت کی ترجمان فرح عظیم شاہ نے کہا کہ مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر عوام کی جان ومال کو محفوظ رکھنے کے لیے بلدیات، ایریگیشن، داخلہ صحت اور دیگر تمام محکموں کو حفاظتی پلان تیار کرکے پیشگی موثر اقدامات کی ہدایات کی گئی ہے اور کسی بھی مشکل حالات بھی عوامی شکایات کے ازالے کے لیے پی ڈی ایم اے میں مرکزی کنڑول روم اور تمام ڈویژنل اور اضلاع کی سطح پر بھی کنٹرول روم قائم کیے گئے ہیں تاکہ شہری کسی بھی پریشانی اور مشکل کی صورت میں ریلیف کی سرگرمیوں کے لیےپی ڈی ایم اے اور محکمہ داخلہ کے حکام سے رابطہ کرسکیں۔