محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ میں تعینات کانسٹیبلز، ہیڈ کانسٹیبلز، سب انسپکٹرز اور انسپکٹرز کے لیے ہفتہ وار تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا
کوئٹہ: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و اینٹی نارکوٹکس بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ میں تعینات کانسٹیبلز، ہیڈ کانسٹیبلز، سب انسپکٹرز اور انسپکٹرز کے لیے ہفتہ وار تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا ۔ اس پروگرام کا مقصد فیلڈ میں کام کرنے والے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ اور محکمانہ کارکردگی کو مزید مؤثر بنانا ہے۔تربیتی پروگرام کے دوران شرکاء کو قانون نافذ کرنے کی جدید تکنیکیں، ٹیکس وصولی کے اصول، منشیات اور اسمگلنگ کی روک تھام، جدید تفتیشی طریقہ کار، عوام سے مؤثر رابطہ کاری اور محکمہ جاتی نظم و ضبط کے بارے میں جامع تربیت دی جا رہی ہے۔یہ تربیت محکمہ کے سینئر افسران پر مشتمل ماسٹر ٹرینرز کے ذریعے دی جا رہی ہے، جو نظریاتی لیکچرز کے ساتھ ساتھ عملی مشقیں بھی کروا رہے ہیں، تاکہ اہلکار زمینی حقائق کے مطابق اپنے فرائض کی ادائیگی بہتر انداز میں انجام دے سکیں۔محکمہ کے اعلیٰ حکام نے شرکاء کی بھرپور دلچسپی کو سراہتے ہوئے اس تربیتی سلسلے کو ادارہ جاتی بہتری کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس قسم کے تربیتی پروگرام محکمہ میں نظم و ضبط، شفافیت اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری کے لیے نہایت اہم ہیں۔
شرکاء نے بھی اس پروگرام کو معلوماتی، مفید اور اپنی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس تسلسل کو برقرار رکھنے کی سفارش کی ہے۔



