امریکا،تمہارا قد کتنا لمبا ہے پوچھنے پر دو نوجوان قتل
واشنگٹن: امریکا میں سیاہ فام نوجوان نے قد کتنا لمبا ہے پوچھنے پر دو کم عمر لڑکوں کو گولی مار قتل کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست شکاگو کے جنوبی علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں تین نا بالغ لڑکے ایک اسٹور پر ٹافیاں خریدنے گئے تھے۔متاثرہ لڑکوں کے آگے ایک 19 سالہ سیاہ فام نوجوان کھڑا تھا، مقتولین نے 19سالہ لڑکے سے اس کے قد کے متقلق پوچھا جس سے وہ طیش میں آگیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جیسے ہی تینوں لڑکے ٹافیاں خرید کر اسٹور سے باہر نکلے اور گھر کی جانب بڑھنے لگے کہ اچانک پیچھے سیاہ فام نوجوان نے فائرنگ کردی۔فائرنگ کے نتیجے میں 17 سالہ فرانسس کی کمر، سینے اور ہاتھ میں گولی لگی اور 16 سالہ لڑکے ریلے کی کمر اور ٹانگ میں گولی لگی جبکہ تیسرا گولیوں سے بچ کر چھپنے میں کامیاب ہوگیا۔لڑکوں پر فائرنگ کرنے کے بعد 19 سالہ لوری بیٹل نے پستول کوڑے کے ڈبے میں پھینک دی اور خود بھی روپوش ہوگیا تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرکے جائے وقوعہ سے قتل میں استعمال ہونے والی گولیوں کے 9 خول بھی برآمد کرلیے ہیں۔پولیس اہلکاروں نے زخمی نوجوانوں کو اسپتال منتقل کیا تاہم وہ دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔