پاکستان واپسی کیلئے کسی لیگی رہنما کی اجازت نہیں چاہئے: اسحاق ڈار
لندن: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان واپسی کیلئے کسی لیگی رہنما کی اجازت نہیں چاہئے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما نے کہا کہ نواز شریف کا حکم کافی ہے، جولائی کے چوتھے ہفتے میں پاکستان جارہا ہوں۔ اور اپنی پارٹی کے قائد کے حکم پر پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا ۔ میری وطن واپسی میں وزیراعظم شہباز شریف کی رضامندی شامل ہے۔ پاکستان واپسی کیلئے کسی لیگی رہنما کی اجازت نہیں چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے خلاف ایک ہی کیس ہے کو جھوٹ پر مبنی ہے، مجھے تحریک انصاف کی حکومت نے انتقام کا نشانہ بنایا، پاکستان پہنچ کر سینیٹر کا حلف اٹھاؤں گا، وزیر خزانہ بنانے کا فیصلہ پارٹی کریں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیر خزانہ نے کہا تھا کہ جولائی میں پاکستان واپس جاؤں گا، فی الحال تیاریوں میں مصروف ہوں۔ میری کی صحت کو درپیش چند مسائل کا علاج اگلے 12 روز میں مکمل ہونے کی توقع ہے، ڈاکٹرز اگلے چند روز میں اُن کے علاج کے مکمل ہونے کے بارے میں پُرامید ہیں۔
پاکستان میں کیسوں اور ضمانت کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں لیگی سینیٹر نے کہا کہ اُن پر پاکستان میں ایک ہی کیس ہے جو عمران نیازی کی جانب سے دائر کیا جانے والا جعلی مقدمہ ہے۔مجھ پر جعلی کیس بنایا گیا اس کی کوئی بنیاد نہیں۔ یہ میرے ٹیکس ریٹرن پر بنایا گیا۔ ایسا شخص ہوں جو ٹیکس ریٹرن جمع کرانے میں کبھی تاخیر نہیں کرتا۔