زمرک خان اچکزئی کی زیر صدارت بی ایف اے (بورڈ) کے ساتویں اجلاس کا انعقاد
کوئٹہ : صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے انجینئر زمرک خان اچکزئی کی زیر صدارت بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بورڈ) کے ساتویں اجلاس کا انعقاد
بی ایف اے ہیڈ آفس (کوئٹہ) میں منعقدہ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرئی ، سیکٹری خوراک ایاز مندوخیل ، سیکرٹری لائیو اسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ ارشاد حسین بگٹی ، ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی سمیت دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ادارے کی مجموعی کارکردگی سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور کئی اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزیر خوراک کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ملاوٹ مافیا و ناقص خوراک فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف بی ایف اے کی کارروائیاں موجودہ ڈائریکٹر جنرل کی زیر نگرانی قابلِ ستائش رہی ہیں ، مختصر عرصہ میں خوردنی اشیاء کے معیار کی بہتری اور اس حوالے سے عوام و اشیاء خوردونوش سے وابستہ کاروباری افراد کی آگاہی کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے اقدامات سب کے سامنے ہیں۔
مضر صحت و غیر صحت بخش اشیاء خوردونوش کے خاتمے خصوصاً سیوریج کے پانی سے کاشت کردہ سبزیوں کے خلاف حالیہ و بلا امتیاز کریک ڈاؤن کار نمایاں ہے ، صوبائی وزیر و چیئرمین بی ایف اے نے کہا کہ بلوچستان فوڈ اتھارٹی عوام کو صوبہ بھر میں معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے بنائی گئی اور اس مقصد کے حصول کیلئے بی ایف اے فوڈ سیفٹی ٹیمیں پورے بلوچستان میں مسلسل متحرک ہیں۔