صنعت و تجارت کی ترقی ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی کی ضامن ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان

0

موجودہ حکومت کی روز اول سے کوشش رہی ہے کہ صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہواس لئے نا صرف بادینی بزنس گیٹ وے کوفعال کیا گیا ہے
کوئٹہ(آن لائن)وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ صنعت و تجارت کی ترقی ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی کی ضامن ہے،ہمسائیہ ممالک کے ساتھ چمن اور بادینی تجارتی گیٹ ویز کے طرز پر مزید گیٹ ویز کےلئے اقدامات کیے جائیں گے اس سے صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اورروزگار کے مواقعوں میں اضافہ ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد بلوچستان ہاس میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے نائب صدر حاجی اختر کاکڑ،سینیٹر منظور خان کاکڑ،سینیٹر احمد خان خلجی،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین و صوبائی مشیر برائے کھیل و ثقافت بلوچستان عبدالخالق ہزارہ،صوبائی وزیر سلیم احمد کھوسہ،مٹھاخان کاکڑ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان سے ملاقات کے دوران چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے نائب صدر حاجی اختر کاکڑ نے صوبے میں صنعت و تجارت،زراعت و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد کو درپیش مشکلات سے متعلق بتایا اور کہا کہ اس وقت بلوچستان میں سب سے بڑا مسئلہ بےروزگاری ہے جس پر قابو پانے کیلئے صنعت و تجارت،زراعت اور گلہ بانی جیسے پیداواری شعبہ جات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے،انہوں نے موجودہ دور حکومت میں بادینی بزنس گیٹ وے کی فعالی سے متعلق وزیراعلی بلوچستان اور ان کی کابینہ و دیگر کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ہمسائیہ ممالک کے ساتھ چمن اور بادینی بزنس گیٹ ویز کے طرز پر مزید گیٹ وے بنانے کی ضرورت ہے اس سے صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ بےروزگاری میں بھی کمی واقع ہو گی انہوں نے زراعت و گلہ بانی جیسے پیداواری شعبہ جات پر بھی بھر پور توجہ دینے کےلئے اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی کےلئے ضروری ہے کہ وہاں صنعت و تجارت ،زراعت و گلہ بانی سمیت دیگر پیداواری شعبہ جات کی ترقی پر توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی روز اول سے کوشش رہی ہے کہ صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہواس لئے نا صرف بادینی بزنس گیٹ وے کوفعال کیا گیا ہے بلکہ قمرالدین گیٹ وے کے جلد افتتاح اور تفتان سے ژوب تک 1200 کلو میٹر طویل سرحد پر افغانستان کے ساتھ مزید گیٹ ویز بنانے کےلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے،وزیر اعلی بلوچستان نے گلستاں،توبہ کاکڑی،نوشکی حنان بوستان،ماشکیل و دیگر علاقوں میں بزنس گیٹ ویز بنانے کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر سینیٹر منظور کاکڑ،سینیٹر احمد خان خلجی ،عبدالخالق ہزارہ،مٹھا خان و دیگر نے صوبے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ سے متعلق چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان نے اپنے دور حکومت میں صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے قابل ستائش کاوشیں کی ہیں بلکہ آئندہ سالوں میں ان کی کاوشوں کے ثمرات بھی سب کے سامنے آئیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.