بلوچستان میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے ، وزیر داخلہ ضیاءلانگو
کوئٹہ :صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ترقیاتی منصوبوں پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے جس سے ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز اورعوام کی محرومیوں کا ازالہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیار اور بروقت تکمیل پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، آبادی اور لوگوں کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اضلاع کے تمام علاقوں میں یکساں ترقیاتی منصوبے رکھے جائیں گے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات زیادہ سے زیادہ آبادی کو پہنچے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس پی قلات ارباب امجدکاسی ، ایکسئین حاجی محمدانور نیچاری ، چیف آفیسر عطاءاللہ بازئی، ڈی ایچ اوڈاکٹر نصراللہ لانگو، ڈی ایس ایم ڈاکٹر قدیر، ایم ایس علی اکبر نیچاری، اسسٹنٹ انجینئر ندیم گچکی، فارسٹ آفیسر فرید رندکے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے مختلف شعبوں میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیر داخلہ نے تمام متعلقہ محکموں کے حکام کو ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار کو مزید تیز کرنے اور ان منصوبوں کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے مانیٹرنگ کے نظام کو موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، متعلقہ حکام فیلڈ وزٹ کریں اور ترقیاتی کاموں کا خود جائزہ لیں تاکہ معیاری تعمیراتی کام کو ہر صورت یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر داخلہ نے ترقیاتی سکیموں کی نشاندہی کرتے وقت زیادہ سے زیادہ آبادی کو مدنظر رکھنے اور میرٹ کی بنیاد پر ترقیاتی سکیمیں شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ علاقوں کو پائیدار بنیادوں پر ترقی یافتہ بنانا اور ان علاقوں کے عوام کی عشروں پر محیط پسماندگی اور محرومیوں کا ازالہ کرنا ہے جس کے لیے حکومت تمام وسائل کی کمی کو آڑے نہیں آنے دے گی۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں پر واضح کیا کہ حکومت ان اضلاع کی ترقی پر جو خطیر رقم خرچ کر رہی ہے اس کا فائدہ بروقت اور بلا تاخیر عوام تک پہنچناچاہئے اور حکومت اس سلسلے میں سست روی اور غفلت برداشت نہیں کرے گی۔ وزیر داخلہ نے محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ گذشتہ دو ڈھائی سالوں کے دوران اضلاع میں شروع کئے گئے تمام ترقیاتی منصوبوں پر عملی پیشرفت اور تعمیراتی کاموں کے معیار کا تفصیلی جائزہ لے کر رپورٹ پیش کریں۔انہوںنے محکمہ صحت ضلع قلات کے غیر حاضر ڈاکٹروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کی ہدایات بھی متعلقہ حکام دی اور کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔