
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) ترجمان مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ وائرس کی مقامی آبادی میں منتقلی اور مقامی حالات کے مطابق وائرس کے شکلیں تبدیل کرنے کا پہلو تشویشناک ہے ،وائرس کے طبی پہلووں کے حوالے سے بھی قومی سطح پر کوئی نظام وضع کرنا اشد ضروری ہے ۔ ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ عدالتی حکم کے باوجود پی ایم ڈی سی کو بحال نہ کرنا افسوسناک ہے۔ انہوںنے کہاکہ ٹیسٹنگ، سکریننگ کے لئے فوری طورپر واضح طریقہ کار، معیارات بنائے جائیں ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ وائرس پھیل رہا ہے، ایسے میں کسی واضح پالیسی کا نہ ہونا خطرناک ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کورونا متاثرین کی بڑھتی تعداد کے باوجود اب تک ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کو حفاظتی لباس نہیں پہنچایا گیا جس پر شدید تشویش ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ڈیزیز سرویلنس کا نظام جلد از جلد قائم کیا جائے بصورت دیگرخدانخواستہ صورتحال ہاتھ سے نکل جائے گی ۔ انہوںنے کہاکہ انتظامی اقدامات کے ساتھ ساتھ مستقبل کی حکمت عملی کے لئے بڑے خاکے کو بھی ذہن میں رکھنا ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی کے فورم پر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی بریفنگ دی جانی چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ اجتماعی کاوشوں کے لئے سب کی تجاویز سے ملک اور قوم کو خطرات سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جیلوں میں کورونا سے بچاو کے فوری اور موثر انتظامات کئے جائیں ۔انہوںنے کہاکہ چین سے کورونا کے خلاف امداد کی دوسری قسط پر چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ چین کی طرف سے حفاظتی لباس، ماسک، سکینر اور ٹیسٹنگ کاسامان کورونا کے خلاف جنگ میں مددگار ثابت ہوگا۔



