پاک بحریہ کا آبدوز، بحری جہاز اور ہوائی جہاز سے میزائل فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ

0

اسلام آباد (این این آئی)پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں کو جانچنے کے لیے شمالی بحیرہ عرب اور مکران کوسٹ پر مختلف میزائلز فائرنگ کا کامیاب مظاہرہ کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ کے جنگی بحری جہاز اور ہوائی جہاز نے سطح سمندر پر مار کرنے والے اینٹی شپ میزائلز فائر کیے۔اس کے علاوہ پاک بحریہ کی فاسٹ اٹیک کرافٹ نے سطح سمندر سے زمین پر میزائل فائر کیے ساتھ ہی مکران کوسٹ سے ائیر ڈیفنس میزائلز بھی فائر کیے گئے جبکہ زیر سمندر روائیتی آبدوز سے بھی زمین پر میزائل فائرنگ کا مظاہرہ کیا گیا۔آپریشنل تیاریوں سے متعلق ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ فائر کئے گئے مختلف میزائلز نے اپنے اہداف کو انتہائی کامیابی سے نشانہ بنایا ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے مختلف میزائلز کی فائرنگز کا مشاہدہ کیا ۔اس موقع پر امیر البحر ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ مختلف میزائلز کی فائرنگ کے یہ کامیاب تجربات پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.