قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا ملائیشیا کیلئے تربیتی کیمپ 2 جنوری سے راولپنڈی میں شروع ہو گا
راولپنڈی (این این آئی)پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا دورہ ملائیشیا کے لئے تربیتی کیمپ 2 جنوری سے کے آر ایل فٹ بال سٹیڈیم راولپنڈی میں شروع ہو گا۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل حارث جمیل عالم خان کے مطابق تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 43 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا اور منتخب ٹیم 17 سے 24 جنوری تک ملائیشیا کا دورہ کرے گی۔ تربیتی کیمپ کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے محمد ایاز بٹ کو کیمپ کمانڈنٹ و ٹیم منیجر مقرر کیا ہے جبکہ ٹیم کے ہمراہ ہیڈ کوچ کے فرائض طارق لطفی، اسسٹنٹ کوچ کے گوہر زمان، گول کیپرز کوچ کے جعفر خان اور فزیو کے محمد شاہد انجام دیں گے۔ تربیتی کیمپ 2 سے 16 جنوری تک جاری رہے گا۔