
اسلام آباد (این این آئی)وزارت قانون نے سرعام سزائے موت کی مخالفت کر دی ۔ ایک بیان میں وزیر قانون فروغ نسیم نے کہاکہ سرعام پھانسی اسلامی تعلیمات اورآئین کے منافی ہے۔ وزیر قانون نے کہاکہ 1994 میں سپریم کورٹ سرعام پھانسی کی سزا کو غیر آئینی قرار دے چکی ہے، سپریم کورٹ کہہ چکی ہیکہ سرعام پھانسی آئین کیساتھ شریعت کی بھی خلاف ورزی ہے۔فروغ نسیم نے کہاکہ وزارت قانون آئین اور شریعت کے خلاف کوئی قانون نہیں بنائیگی۔ خیال رہے گزشتہ روز قومی اسمبلی نے بچوں سے زیادتی اور قتل کے مجرموں کو سرعام پھانسی دینے کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کی تھی۔ پیپلز پارٹی، حکومتی وزیر فواد چودھری اور شیریں مزاری نے اس قرارداد کی مخالفت کی۔وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان نے قومی اسمبلی میں بچوں کیساتھ زیادتی کے واقعات روکنے کیلئے قرار داد پیش کی جس کے متن میں کہا گیا کہ بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کرنے والوں کو سرِعام پھانسی دی جائے۔



