
ویب ڈیسک کے مطابق زمیندار ایکشن کمیٹی بلوچستان کی جانب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ اور حکومت بلوچستان کی جانب سے سبسڈی کی عدم ادائیگی کے خلاف یکم اپریل کل بروز جمعرات صوبے بھر کے قومی شاہراہوں کو بلاک کیاجائے گا اس سلسلے میں ٹرانسپورٹروں،تاجر برادری،وکلاء سمیت معاشرے کے تمام مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے گریز اور زمینداروں کے احتجاج کو کامیاب بنائیں۔ان خیالات کااظہار زمیندار ایکشن کمیٹی کے چیئرمین ورکن صوبائی اسمبلی ملک نصیراحمد شاہوانی،جنرل سیکرٹری عبدالرحمن بازئی نے زمینداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ زمیندار ایکشن کمیٹی کی جانب سے یکم اپریل برو ز جمعرات بلوچستان بھر کے قومی شاہراہیں صبح8بجے سے لیکر شام 5بجے تک روڈ بلاک اور پہیہ جام ہڑتال کا علان کیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے تمام زرعی فیڈروں پر بجلی بند کردی گئی ہے
صرف ایک گھنٹہ بجلی پینے کی پانی کیلئے دی جارہی ہے زمینداروں کی تمام فصلات گندم،پیاز، سبزیاں باغات راکھ کے ڈیر میں تبدیل ہوگئے جبکہ بلوچستان میں مسلسل خشک سالی کا لہر برقرار ہے جبکہ اسے سے پہلے ٹڈی دل فصلات تباہ کرچکی ہے صوبائی حکومت کیسکو کو سبسڈی کی عدم ادائیگی کی وجہ سے زمینداروں کی فیڈرز پر بجلی منقطہ کردی گئی۔تمام ٹرانسپورٹرز،تاجر برادری،وکلاء، معاشرہ کے دیگر تمام مکتبہ فکر سے تعاون کی اپیل کرتے ہیں وہ زمینداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔



