پنجاب سرمایہ کاروں کیلئے جنت بن چکا ہے: وزیراعلیٰ عثمان بزدار
لاہور : وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات کیے، پنجاب سرمایہ کاروں کیلئے جنت بن چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری پر گہرے دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر ایک چھت تلے سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، تعمیراتی شعبے کیلئے متعدد مراعات دی گئی اور سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کی گئی ہیں۔
عثمان بزدارکا کہنا تھا کہ کابینہ نے لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دے دی، اتھارٹی والٹن ائیر پورٹ اور گرد و نواح میں بزنس سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کام کرے گی، اتھارٹی ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کرے گی، پنجاب میں سرمایہ کاری سے متعلق کوئی فائل کسی بھی جگہ نہیں رکتی، صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلقہ تمام امور کا خود جائزہ لیتا ہوں۔
وفد کی قیادت تنویر حسین اعوان نے کی۔ سلمان ناصر عبداللہ، شہباز خان، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجو تھے۔ وفد نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بہترین اقدامات کیے ہیں، ہم سرمایہ کاری کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات کی ستائش کرتے ہیں۔