حکومتی نااہلی کا چہرہ مکمل طور پر سامنے آگیا، مریم اورنگزیب

0

کراچی(این این آئی) مسلم لیگ (ن )کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالتی ضمانتوں کے باعث حکومتی نااہلی کا چہرہ مکمل طور پر سامنے آگیا ہے اور حکومت نے گرفتاری اور جیل میں ڈالنے کا ڈر بھی ختم کر دیا۔ایک انٹرویومیں سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک میں سیاسی انتقام جاری ہے جس کا ہمیں بخوبی علم ہے اس لیے ہم نے مریم نواز کے حوالے سے عدالت سے رجوع کیا اور حکومت کو درخواست نہیں دی تھی۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا باہر جانا اس لیے ضروری ہے کہ مریم نواز کے والد بیمار ہیں اور ان کے 4 آپریشن ہونا ہیں۔ مریم نواز کی والدہ کا بھی انہی حالات میں انتقال ہو گیا تھا اور مریم نواز جیل میں تھیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز نے وہ سزائیں بھی بھگتی ہیں جو ان پر واجب نہیں تھیں، مسلم لیگ ن کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ایک دہشت گرد کا انٹرویو تو ٹی وی پر چلایا گیا لیکن مریم نواز کے ٹی وی پر آنے پر پابندی تھی اور پیمرا میڈیا کو نوٹسز بھی جاری کرتا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ترجمان مہنگائی اور ترقی کی شرح پر تبصرہ ہیں کرتیں وہ روزگار اور معیشت کی تباہی پر بات نہیں کرتیں۔ انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں تبصرہ مریم نواز پر ہو رہا ہے کہ انہوں نے باہر جانا ہے کہ نہیں۔مسلم لیگ (ن )کی رہنما نے کہا کہ ہماری حکومت کے دوران پانام کیس پر دو ہزار سے زائد ٹاک شوز ہوئے تھے تاہم پیمرا کی جانب سے کسی ٹی وی چینل پر کوئی نوٹس نہیں گیا، مریم نواز کی کسی تقریر میں عمران خان جیسی تقریر کے الفاظ نہیں تھے اور نہ ہی کسی تقریر میں اشتعال انگیزی پھیلائی گئی تاہم اس وقت کا وزیر اعظم اپنی نااہلی کے خوف میں مبتلا ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کے والد زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں اس لیے ان کی جانب سے کسی بھی طرح کا کوئی بیان نہیں آ رہا وہ اپنے والد کی طرف سے پریشانی میں مبتلا ہیں اور مریم نواز کے چاہنے والے ایک بیٹی کی کیفیت سے بخوبی واقف ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی رہائی سے حکومت کی نااہلی کا چہرہ سامنے آ رہا ہے اور ثبوت سامنے نہ آنے کی وجہ سے عدالت ضمانتیں دے رہی ہے۔ لیگی رہنماؤں کی گرفتاری کا مذاق گزشتہ 16 ماہ سے جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سب کو جیل میں بھی ڈال دے اس کے باوجود وہ نااہل اور سلیکٹڈ ہی رہیں گے۔ مسلم لیگ ن نواز شریف کی جماعت ہے اس میں کوئی کرائے کے لوگ نہیں ہیں انہوں نے عوام کی خدمت کی ہے اس لیے مسلم لیگ ن کسی دباؤ میں آنے والی نہیں ، ہمیں ڈر صرف اللہ تعالیٰ کا ہے اور ہم ان نالائقوں اور نااہلوں کی حقیقت عوام کے سامنے لاتے رہیں گے۔مسلم لیگ (ن )کی رہنما نے کہا کہ حکومت نے گرفتاری اور جیل میں ڈالنے کا ڈر بھی ختم کر دیا ہے۔ احتساب میں جو شفافیت تھی موجودہ حکومت نے وہ بھی ختم کر دی ہے۔ مسلم لیگ ن کے کارکنان بھی سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح نواز شریف اور شہباز شریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا مسئلہ حکومت کا نہیں ہے اور وہ اس کے ٹھیکیدار بننے کی بھی کوشش نہ کریں یہ معاملہ پارلیمنٹ نے طے کرنا ہے اور وہی طے کریں گے۔ حکومت ہمارے مہذب اور قابل احترام ادارے کو غلط طریقے سے استعمال کر رہی ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ ہمیں حکومت کے رویے میں تبدیلی کی کوئی امید نہیں ہے کیونکہ عوام کی خدمت ان کی ترجیحات میں نہیں ہے۔ ملک میں نئے انتخابات ہونے چاہئیں تاکہ عوام کی حقیقی جماعت اس ملک میں حکمرانی کر سکے۔انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے فیصلے رہبر کمیٹی میں ہو رہے ہیں اور حزب اختلاف مکمل طور پر متحد ہیں جس کا خوف حکومت پر طاری ہے۔ عمران خان بڑے پر اعتماد طریقے سے جھوٹ بولتے اور یو ٹرن لیتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.