خان شہید کے افکار پر عمل کر کے قومی اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں ، نصر اللہ زیرے
کو ئٹہ : برصغیر پاک وہند اور پشتونخواوطن کی آزادی کے قافلے کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 48ویں برسی کے موقع پر کوئٹہ میں منعقد ہونیوالے عظیم الشان جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی ضلع کوئٹہ کے مختلف علاقائی یونٹوں میں اجلاسوں، اولسی جرگوں اورکارنر میٹنگز کا سلسلہ جاری ہے۔ سریاب علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام کلی علیزئی ابومسلم خراسانی یونٹ کے اولسی جرگے سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، علاقائی سیکرٹری عبدالعلی اچکزئی،حاجی ارسلا خان،پشتونخوامیپ پشتون آباد علاقائی یونٹ کے کمیٹی اجلاس سے ضلعی معاون وعلاقائی سیکرٹری ندا سنگر،بلیلی کلی کرک شمس اللہ شہید یونٹ کے اجلاس سے علاقائی سیکرٹری اسد خان، رحمت خان ناصر،یونٹ سیکرٹری ملک محب نے خطاب کیا۔ مقررین نے اجلاسوں کے دوران پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ 2دسمبر کے جلسے کی بھرپور تیاری کرتے ہوئے عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کریں۔ مقررین نے کہاکہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی بیسویں صدی کے ان عظیم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے فرنگی استعمار کی استبداد، ظلم وجبر، استعماریت کیخلاف تاریخ ساز جدوجہد کی اور ملک میں انگریزی استعماری اور فوجی آمریتوں کے دور میں سالہا سال پابند سلاسل رہے اور ان کی لازوال جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت خطے کے ممالک اور اقوام کو آزادی نصیب ہوئی اور اس ملک کا قیام ممکن ہوا۔ملک کے قیام کے بعد خان شہید کو آمرانہ ادوار میں سزائیں اس لیئے دی گئی کہ وہ ملک کے عوام کے لیئے ون مین وون ووٹ، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، پشتونوں کی ملی وحدت ملی تشخص کا قیام، قوموں کی برابری،عدلیہ ومیڈیا کی آزادی چاہتے تھے۔ مقررین نے کہا کہ خان شہید کے نظریات وافکار پر کاربند ہوکر ہی قومی اہداف کے حصول کی منزل کو پائے تکمیل تک پہنچایا جاسکتا ہے۔مقررین نے کہا کہ پشتونخوامیپ 2دسمبر2021بروزجمعرات کوکوئٹہ میں عظیم الشان جلسہ عام کرکے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کوان کی لازوال قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کریگی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ایک بار پھر تاکید کی کہ وہ جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں دن رات کام کر ے اور عوام کو جلسہ عام میں شرکت کیلئے دعوت دیں۔