
میرپور(پی آئی ڈی)02جون- سابق صدر آزادکشمیر و سابق سفیر سردار مسعود خان کا یوتھ اینڈ لیڈرشپ ڈائیلاگ 2025 میں خطاب بعنوان ”انصاف بمقابلہ امن مسئلہ کشمیر و فلسطین کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل پر بصیرت افروز گفتگو، نوجوانوں کے کردار اور عالمی امن کے لیے مؤثر اقدامات پر زور،تفصیلات کے مطابق یوتھ اینڈ لیڈرشپ ڈائیلاگ 2025 کے تحت آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، مسٹ، میرپور کے سابق چانسلر سردار مسعود خان نے ایک کلیدی خطاب بعنوان ”انصاف بمقابلہ امن – مسئلہ کشمیر و فلسطین کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل”۔ تقریب مسٹ کے سٹی کیمپس کے میکینیکل ہال میں پیراڈائم ایسوسی ایشن مسٹ کے زیر اہتمام منعقد ہوئی۔

وائس چانسلر مسٹ بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید ستارہ امتیاز ملٹری نے ڈینز، یونیورسٹی شعبہ جات کے سربراہان، ڈائریکٹرز اور طلباء کے ہمراہ معزز مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا۔ اپنے ابتدائی کلمات میں سردار مسعود خان نے بریگیڈیئر یونس جاوید وائس چانسلر مسٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بامقصد پروگرام کے انعقاد کو سراہا، جس کا مقصد نوجوانوں کو بدلتے عالمی منظرنامے، اس کے چیلنجز اور مواقع کو سمجھنے اور ان سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے تیار کرنا تھا۔ انہوں نے پیراڈائم ایسوسی ایشن، بالخصوص اس کے صدر عبداللہ قریشی کی قائدانہ کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا، جو نوجوان نسل کی فکری رہنمائی اور عالمی سطح کے مسائل پر ان کی شعوری تربیت میں سرگرم عمل ہیں۔اپنے خطاب میں سردار مسعود خان نے مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر، اس کے اسباب اور وقت کے ساتھ اس کے ارتقاء پر مفصل روشنی ڈالی۔ انہوں نے موجودہ حالات اور کشمیری عوام کی مظلومانہ زندگیوں کا ذکر کرتے ہوئے مسئلہ فلسطین کو بھی اسی تناظر میں بیان کیا اور دونوں مسائل کی عالمی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل دور میں بامقصد کردار ادا کریں اور مقبوضہ کشمیر و غزہ کے مظلوم عوام کے حق میں انصاف و امن کے قیام کی جدوجہد میں شامل ہوں۔ انہوں نے بچوں، خواتین اور بزرگوں پر جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جبری بے دخلی، ریاستی جبر، اور آزادیوں سے محرومی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کی فوری توجہ اور مؤثر اقدام اب پہلے سے کہیں زیادہ ناگزیر ہو چکے ہیں۔ بریگیڈیئر (ر) پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید، وائس چانسلر میرپور یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (MUST)، نے آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر سردار مسعود خان کا دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس اہم موقع پر خطاب کے لیے وقت نکالا اور ایک ایسے موضوع پر بصیرت افروز گفتگو کی جو نہ صرف عالمی سطح پر اہمیت کا حامل ہے بلکہ جس پر توجہ مرکوز کرنا انتہائی ضروری ہے۔ وائس چانسلر نے سردار مسعود خان یونیورسٹی کی طرف سے شیلڈ پیش کی۔


