
اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی سزا اور لاش کو گھسیٹ کر ڈی چوک لانے کیخلاف درخواست دائر کر دی گئی ۔ جمعرات کو درخواست سماجی کارکن اقبال کاظمی نے دائر کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ خصوصی عدالت کی تشکیل کو قانون سے متصادم قرار دیا جائے،خصوصی عدالت کے دائرہ اختیار کا آئین و قانون کے تحت جائزہ لیا جائے، درخواست میں کہاگیاکہ خصوصی عدالت کے فیصلے سے ملک میں انتشار اور بحران کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے۔ درخواست میں کہاگیاکہ خصوصی عدالت کے پاس آرٹیکل 6 کیخلاف کاروائی کا اختیار نہیں،انسانی لاش کو چوراہے پر گھسیٹنا توہین میت ہے۔ درخواست میں کہاگیاکہ فیصلے سے عدلیہ کا وقار مجروح ہوا،فیصلے سے اداروں میں ٹکراو کا تاثر پھیل رہا ہے۔ درخواست میں کہاگیاکہ عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں،درخواست میں وفاق,وزارت قانون اور وزارت داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے۔




