
کوٹلی/کھوئی رٹہ: کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن اور ڈی آئی جی پونچھ ریجن سردار ظہیر احمد نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے انسپکٹر نوید احمد کی قبر پر پھول چڑھائے،فاتحہ خوانی کی اور گھر جاکر ان کے ورثا سے اظہار تعزیت کیا۔

ڈپٹی کمشنر حویلی راجہ عمران شاہین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر اور ڈی آئی جی نے شہید انسپکٹر کے کم سن بچوں سے پیار بھی کیا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دونوں اعلیٰ افسران نے نوید احمد کی خوش اخلاق،فرض شناسی،جذبہ حب الوطنی اور فرائض سے کمٹمنٹ کی تعریف کرتے ہوئے ان کی موت کو محکمہ ،ریاست اور معاشرے کے لئے ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔ کمشنر مسعود الرحمن نے کہا کہ نوید احمد ایک بہترین پولیس آفیسر کے ساتھ ساتھ ایک عمدہ انسان تھے ان کے دنیا سے چلے جانے سے پیدا ہونے والا خلا دیر تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔ ڈی آئی جی سردار ظہیر احمد نے کہا کہا نوید احمد نے ہمیشہ جان پے کھیل کر شہریوں کی جانوں کی حفاظت کا فرض نبھایا انھیں محکمہ کے اندر عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا وہ شہید ہیں اور شہید ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔



