گرلز ڈگری کالج میں بسوں کی کمی، طالبات تعلیم چھوڑنے پر مجبور — حکام بالا فوری نوٹس لیں

4

ڈیرہ مراد جمالی، 23 اکتوبر 2025

ڈیرہ مراد جمالی (نمائندہ خصوصی): گرلز ڈگری کالج ڈیرہ مراد جمالی میں زیرتعلیم طالبات کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھی جا رہی ہے، جس کی بنیادی وجہ کالج کی ٹرانسپورٹ سہولت میں اچانک کمی ہے۔

ذرائع کے مطابق، کالج میں سینکڑوں طالبات زیرتعلیم ہیں جنہیں پہلے دو بسوں کے ذریعے آمد و رفت کی سہولت دی جاتی تھی، تاہم حالیہ دنوں میں ایک بس واپس لے لی گئی ہے جس سے سینکڑوں بچیاں متاثر ہوئی ہیں۔ آمد و رفت کی دشواری کے باعث کئی طالبات نے تعلیم ادھوری چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ڈیرہ مراد جمالی جیسے دور دراز علاقوں میں جہاں پہلے ہی تعلیم نسواں کو فروغ دینا ایک چیلنج ہے، وہاں سہولیات میں کمی نہایت افسوسناک عمل تصور کی جا رہی ہے۔ والدین اور طالبات کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے اور مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کی سہولت فی الفور بحال کی جائے۔

عوامی و سماجی حلقوں نے محکمہ تعلیم بلوچستان اور ڈپٹی کمشنر نصیرآباد سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ طالبات کی تعلیمی راہ ہموار کریں تاکہ بچیوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔

Comments are closed.