اسلام آباد میں افسوسناک واقعہ — ایس پی عدیل اکبر نے ذہنی دباؤ اور تھکن کے باعث زندگی کا خاتمہ کر لیا
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 23 اکتوبر 2025
اسلام آباد میں پولیس کے ایک اعلیٰ افسر ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر نے مبینہ طور پر شدید ذہنی دباؤ اور مسلسل تھکن کے باعث خودکشی کر لی۔
آئی جی اسلام آباد واقعے کی اطلاع ملنے پر فوری طور پر پمز اسپتال پہنچ گئے، جہاں ڈاکٹرز نے ایس پی عدیل اکبر کی موت کی تصدیق کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر فون پر کسی سے بات کر رہے تھے کہ اچانک گفتگو ختم ہونے کے بعد انہوں نے اپنی سرکاری پستول سے خود کو گولی مار لی۔
انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق ایس پی عدیل اکبر گزشتہ کئی روز سے سخت ذہنی دباؤ اور طویل ڈیوٹیوں کے باعث شدید تھکن محسوس کر رہے تھے۔
انہوں نے مبینہ طور پر اپنی میڈیکل رپورٹ افسران کو ارسال کی تھی اور چھٹی کے لیے درخواست بھی دی تھی، تاہم منظوری نہ مل سکی۔
بتایا گیا ہے کہ عدیل اکبر کا تعلق ضلع گجرات سے تھا اور وہ پولیس سروس آف پاکستان (46ویں کامن) کے رکن تھے۔
وہ سی ایس ایس امتحان میں اپنے بیچ کے نمایاں امیدواروں میں شمار کیے جاتے تھے۔
ان کے گھر ایک سالہ ننھی بیٹی ہے، جبکہ تین روز قبل ان کی ڈینگی کی رپورٹ بھی مثبت آئی تھی۔ اس کے باوجود وہ اپنی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ایس پی عدیل اکبر کے اسٹاف کے ایک اہلکار کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاکہ واقعے کے اسباب اور محرکات کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد میں تعینات افسران طویل اوقاتِ کار، دباؤ اور غیر یقینی حالات کے باعث شدید ذہنی تناؤ کا شکار ہیں، اور ایس پی عدیل اکبر کا سانحہ اس صورتحال کی سنگین علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments are closed.