قازقستان کے سفیر یرژان کے چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی سے ملاقات
کوئٹہ : قازقستان کے سفیر یرژان نے بدھ کے روز چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں مسلم ممالک کے درمیان، تعلیم، سیاحت، مائننگ اور باہمی تجارت کے فروغ سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قازقستان کے سفیر نے کہا کہ قازقستان کی حکومت پاکستان کے ساتھ ہر میدان اور ہر سمت میں تعلقات کو فروغ دینا چاہتی ہے، قازقستان نے پاکستان کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے اور مختلف شعبوں خاص کر تجارت، سیاحت، تعلیم میں تعاون کو مزید فروغ دینے کی خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبہ جات کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کو معیشت کے شعبہ کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانے کی ضرورت ہے،
اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہاکہ قازقستان پاکستان کا انتہائی اہم دوست ملک ہے، دونوں برادر ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں بے شمار مواقع موجود ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام شعبوں میں پاک قازق دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط اور تیز کرنے کی ضرورت ہے-
چیف سیکرٹری نے کہا کہ بلوچستان معدنی دولت سے مالامال صوبہ ہے جہاں کانکی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں, ملاقات میں تعلیم کے شعبہ میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا جس سے پاکستان اور قازقستان کے نوجوان نسل کے درمیان روابط بڑھانے میں مدد ملے گی- انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف یونیورسٹیوں کے درمیان بلکہ دونوں ممالک کے نوجوانوں کی تنظیموں کے درمیان بھی روابط پیدا کیے جائیں، چیف سیکرٹری بلوچستان اور قزاقستان کے سفیر نے پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹیشن کے شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا۔