پاک بحریہ کا جہاز یرموک 972 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات برآمد کرنے میں کامیاب

1

 پاک بحریہ کے جہاز یرموک نے سعودی عرب کی قیادت میں کام کرنے والی کمبائنڈ ٹاسک فورس 150   کے تحت شمالی بحیرہ عرب میں ایک بڑا انسداد منشیات آپریشن کامیابی سے انجام دیا، جس کے نتیجے میں تقریباً 972 ملین امریکی ڈالر مالیت کی منشیات ضبط کی گئی۔

یہ کامیابی پاک بحریہ کے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی، عالمی امن، اور سمندری غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف غیر متزلزل عزم کو واضح طور پر اجاگر کرتی ہے۔

کمبائنڈ ٹاسک فورس 150، جو عالمی سطح پر سمندری استحکام اور دہشت گردی و غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے سرگرم ہے، میں پی این ایس یرموک کی شمولیت پاکستان کے بحری افواج کے ایک ذمہ دار اور فعال پارٹنر کے طور پر امن و سلامتی میں کردار کی تصدیق کرتی ہے۔

کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے جہاز کے عملے کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہا اور کہا کہ پاک بحریہ قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی قیادت میں یہ آپریشن دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون اور مشترکہ کارروائیوں کی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گا اور پاکستان-سعودی عرب دفاعی تعلقات کو فروغ دے گا۔

Comments are closed.