جشن آزادی گلگت-بلتستان پولو ٹورنامنٹ 2025ء کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس

1

گلگت:
جشن آزادی گلگت-بلتستان پولو ٹورنامنٹ 2025ء کے انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس سیکریٹری سیاحت، کھیل، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر ضمیر عباس کی زیر صدارت منعقد ہوا،جس میں متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جشن آزادی گلگت-بلتستان پولو ٹورنامنٹ 26 اکتوبر سے شاہی پولو گراؤنڈ گلگت میں شروع ہوگا، جبکہ انٹر ڈسٹرکٹ فائنل میچز 20 سے 22 نومبر تک منعقد کیے جائیں گے۔
ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ شاہ محمد نے اجلاس کو تیاریوں اور انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ کمشنر گلگت ڈویژن نے شاہی پولو گراؤنڈ میں انتظامات کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سیکریٹری سیاحت و ثقافت، کمشنر گلگت اور متعلقہ حکام شاہی پولو گراؤنڈ کا دورہ کر کے انتظامات کا براہ راست جائزہ لیں گے۔ فول پروف سیکیورٹی اور ٹریفک پلان مرتب کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ ٹورنامنٹ کے دوران عوام کو سہولت اور سیکیورٹی کے بہترین انتظامات میسر ہوں۔
سیکریٹری سیاحت و ثقافت ضمیر عباس نے اس موقع پر کہا کہ جشن آزادی گلگت-بلتستان پولو ٹورنامنٹ کو بھرپور انداز میں منظم کیا جائے گا، جس میں گلگت سے دو جبکہ دیگر اضلاع سے ایک ایک ٹیم سمیت کل 14 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولو گراؤنڈ کے انتظامات کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جبکہ صحت، میڈیکل اور ریسکیو 1122 کی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔
اجلاس میں ٹورنامنٹ کے تمام انتظامی امور، بشمول فکسچر اور شیڈول کی تیاری، میچوں کے ڈراز، شریک ٹیموں کی فہرست، گول ججز اور جیوری ممبران کی نامزدگی، وینیو کی صفائی، بینڈ کی فراہمی، وی آئی پی ڈائس کی تیاری، میڈیکل و ویٹرنری کور، بیٹھنے کے انتظامات، مجسٹریٹس کی تعیناتی، افتتاحی و اختتامی تقاریب کے انتظامات، مہمانوں کی فہرست اور میڈیا کوریج کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں متعلقہ محکمہ جات کے حکام سمیت صدر گلگت بلتستان پولو ایسوسی ایشن و دیگر زمہ داران شریک ہوئے۔
اس موقع پر سیکریٹری سیاحت و ثقافت ضمیر عباس نے کہا کہ جشنِ آزادی پولو ٹورنامنٹ گلگت بلتستان کی ثقافتی اور کھیلوں کی روایات کو اجاگر کرنے کا ایک بہترین موقع ہے، اور تمام متعلقہ ادارے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے بھرپور تعاون یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جشنِ بہاراں پولو ٹورنامنٹ اپریل 2026 میں منعقد کیا جائے گا۔

Comments are closed.