بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان حکومت کے حوالے کرنے کا فیصلہ — میر سرفراز بگٹی کا وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اظہارِ تشکر
عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
اسلام آباد، 22 اکتوبر 2025
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی درخواست پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا حکومت کو دی جانے والی بلٹ پروف گاڑیاں بلوچستان حکومت کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام صوبے میں دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے بلٹ پروف گاڑیاں وصول کرنے سے انکار کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وزیر داخلہ کو ٹیگ کرتے ہوئے ان گاڑیوں کو بلوچستان منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔ محسن نقوی نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ گاڑیاں بلوچستان حکومت کو فراہم کی جائیں گی تاکہ سکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنائے جا سکیں۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے وفاقی وزیر داخلہ کے بروقت فیصلے پر بلوچستان کے عوام کی جانب سے دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کی معاونت صوبے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور صوبائی حکومت وفاقی اداروں کے ساتھ مل کر امن دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھے گی۔
Comments are closed.