اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کی ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کیک کاٹنے کی تقریب — اقلیتوں کے مذہبی تہواروں میں شرکت اتحاد و یگانگت کی علامت قرار

5

عسکر انٹرنیشنل رپورٹ
کوئٹہ، 22 اکتوبر 2025ء

اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالخالق اچکزئی کی ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کیک کاٹنے کی تقریب — اقلیتوں کے مذہبی تہواروں میں شرکت اتحاد و یگانگت کی علامت قرار

اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے صوبائی وزراء اور اراکینِ بلوچستان اسمبلی کے ہمراہ اسپیکر چیمبر میں ہندو برادری کے ساتھ دیوالی کا کیک کاٹا۔

تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور سنجے کمار پنجوانی، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر اشوک کمار سمیت دیگر اراکینِ اسمبلی نے شرکت کی۔ اس موقع پر سنجے کمار پنجوانی اور ڈاکٹر اشوک کمار نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کو روایتی پگڑی اور اجرک پہنائی۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن (ر) عبدالخالق خان اچکزئی نے ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں بسنے والی ہندو برادری کی خوشیوں میں ہم سب برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کا احترام اور ان کے مذہبی تہواروں میں شرکت ہمارے معاشرتی اتحاد، رواداری اور یگانگت کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان اسمبلی تمام اقلیتوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کے لیے پرعزم ہے تاکہ صوبے میں امن، بھائی چارہ اور ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

Comments are closed.